صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی کا اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبأ و اساتذہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب
علی گڑھ10اگست(آئی این ایس انڈیا)صدر جمہوریۂ ہندپرنب مکھرجی نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سمیت ملک بھرکے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبأ و اساتذہ کے علاوہ ایڈمنسٹریٹوسروسیزاکادمی کے پروبیشنری آفیسرس کو ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا۔ صدرجمہوریۂ ہندکی ویڈیوکانفرنسنگ کا نشریہ اے ایم یوکے انجینئرنگ کالج آڈیٹوریم میں ہواجہاں اے ایم یو کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیرالدین شاہ( ریٹائرڈ) کے علاوہ رجسٹرارپروفیسراصفرعلی خاں،فائننس آفیسرپروفیسرایس ایم جاویداخترمیت مختلف فیکلٹیوں کے ڈینس ، کالجوں کے پرنسپلس، اساتذہ اور طلبأ بڑی تعدادمیں موجودتھے۔صدر جمہوریۂ ہندنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں تقریباً1.28ارب کی آبادی میں تقریباً6سو ملین لوگ25سال سے کم عمرکے زمرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ انو ویٹواورکرئیٹو نظریہ کو فروغ دے سکتاہے۔صدر جمہوریہ نے کہاکہ انسپ یشنل ہندوستان کی پوری صلاحیت کو حقیقی شکل دینے کیلئے اس ملک کو نوجوان نسل کی طاقت کی ضرورت ہے جس سے نابرابری کو کم کرنے کی نئی راہیں وا ہوں گی۔انو ویشن کو زندگی بسر کرنے کا ایک وسیلہ بتاتے ہوئے صدر جمہوریۂ ہندنے کہا کہ کسی بھی میدان میں ترقی کے لئے انو ویشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں ہندوستان کااقتصادی مظاہرہ قابلِ ذکر رہا ہے۔طلبأ کے سوالات کے جواب میں صدر جمہوریۂ ہند عزت مآب پرنب مکھرجی نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ہندوستان میں تعلیم کے میدان میں مسلسل سدھار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے علم اور تجربہ کومحدود نہ رکھ کر مسلسل کوشش سے ا س میں اضافہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مہارت کا فروغ شروع سے ہونا چاہئے۔ایک گھنٹہ سے زائد چلی صدر جمہوریۂ ہند کی اس ویڈیو کانفرنسنگ میں انجینئرنگ کالج کا ہال کھچاکھچ بھیڑ سے بھرا رہا۔